بلڈنگ سے ایئرکنڈیشن گرنے سے نوجوان کی موت (ویڈیو)

دہلی ۔ 19؍ اگسٹ ۔ (اردو لائیو): دہلی کے قرول باغ علاقہ میں ایک بلڈنگ کی دوسری منزل سے ایئر کنڈیشنر یونٹ گرنے سے ایک نوجوان کی موت اور دوسرا زخمی ہوگیا ہے۔ واقعہ 17 اگسٹ بروز ہفتہ’ شام تقریباً 7 بجے کا ہے۔ اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر اب سامنے آیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ایک لڑکا بلڈنگ کے نیچے اسکوٹی پر بیٹھا ہوا ہے اور ساتھ میں اس کا ایک دوست بھی کھڑا ہوا ہے۔ دونوں آپس میں بات چیت کر رہے ہیں۔ پھر دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں۔ تبھی اچانک اسکوٹی سوار نوجوان کے سر پر اے سی کا آؤٹ ڈور یونٹ گر جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق اس حادثہ میں دونوں دوست زخمی ہو گئے۔ انہیں قریبی ہاسپٹل لے جایا گیا، جہاں اسکوٹی سوار نوجوان کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ اس کے دوست کے ہاتھوں پر زخم آئے ہیں اور وہ خطرے سے باہر ہے۔
حادثے سے عین قبل دونوں دوست ایک دوسرے سے گلے ملتے نظر آرہے ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے:
متوفی نوجوان کی شناخت دہلی کے ڈوریوالان کے رہائشی جیتیش چڈھا 18 سالہ کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کا دوست پرانشو 17 سالہ پٹیل نگر کا رہائشی ہے۔ پولیس نے حادثے کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اے سی گرنے کی وجہ کی تحقیقات کے لیے ایک فورنسک ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔



