ممبئی

ایم بی اے پان والا: لوگ پان کی قیمت جان کر حیران رہ گئے۔ کہا چونا لگا رہا ہے

ممبئی ۔ 19؍ اگسٹ ۔ (اردو لائیو): انٹرنیٹ پر ایک پان خوب وائرل ہو رہا ہے۔ اس پان کی قیمت تقریباً ایک لاکھ روپے کے آس پاس بتائی جا رہی ہے۔ پان ہمیشہ سے ہندوستانی ثقافت اور زندگی کا خاص حصہ رہا ہے۔ یہ شاہی گھرانوں اور عام آدمی کے درمیان اپنا یکساں مقام رکھتا ہے۔ کوئی خاص دعوت ہو یا پھر روز مرہ کی زندگی پان کا چلن عام و خاص میں یکساں مقبول ہے۔ ملک کے کئی حصوں میں بہت سی پان کی آبائی دکانیں ہیں، جس سے لوگ نسل در نسل اسی پیشہ سے وابستہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر مختلف ذائقوں کے پانوں کے ویڈیوز وائرل ہوتے رہتے ہیں لیکن اس پان کی قیمت نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے۔
ممبئی کے ماہیم کی ایک پان کی دکان اس مہنگے پان کو بیچ رہی ہے۔ اس پان کی دکان کے مالک ایم بی اے گریجویٹ نوشاد شیخ ہیں۔ نوشاد نے کارپوریٹ کمپنیوں کی تمام آفرز کو ٹھکرا کر اپنی آبائی پان کی دکان پر بیٹھنا پسند کیا۔ نوشاد بتاتے ہیں کہ اس پان کا نام ‘‘فریگرنس آف لو پریمیئم پان’’ ہے، یہ سونے کے ورق کی سجاوٹ کے سبب اتنا مہنگا ہے۔ عموماً شادی کی رات کے لیے مخصوص یہ خاص پان نوبیاہتا جوڑے کو بہت پسند آتا ہے۔ کیونکہ کہا جاتا ہے کہ یہ پان جوش و خروش بڑھا دیتا ہے۔ اس کی پیکنگ بھی لاجواب ہے۔یہ پان کے پتے دو خاص باکس میں رکھے جاتے ہیں جن میں زعفران کی خوشبو ہوتی ہے۔ ہر خریدار کو اس پان کے ساتھ تاج محل کی سنگ مرمر کی ایک نقل بھی دی جاتی ہے۔
انٹرنیٹ پر جب اس پان کی تصویر شیئر کی گئی تو ہر کوئی اس کی قیمت جان کر حیران رہ گیا۔ ایک صارف نے اس پرتبصرہ کرتے ہوئے لکھاکہ سب سے پہلے تو یہ پان بیچنے والا چونا لگا رہا ہے۔ ایک اور صارف نے کمینٹ کر کے کہا کہ میرے خیال سے تاج محل کی جو نقل ہے وہ ایک لاکھ روپے کی ہے، باقی پان فری ہے۔ ایک اور صارف نے پان کی قیمت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے دل میں ایسی محبت نہیں ہے کہ میں اتنا مہنگا پان کھاؤں۔ ایک نے لکھا کہ پہلی بار اتنا مہنگا چونا لگتے ہوئے دیکھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button