اسپین’ ریکارڈ چوتھی بار یورو کپ فٹبال کا فاتح۔ انگلینڈ کو 2-1 سے شکست

برلن ۔ 15 ؍ جولائی ۔ (یو ایل) : اسپین نے ریکارڈ چوتھی بار یورو کپ فٹبال کا خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔ برلن کے اولمپیا سٹیڈیم میں اتوار رات دیر کھیلے گئے فائنل میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست فاش دی۔ اسکے ساتھ ہی اسپین سب سے زیادہ چار بار یورو کپ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے۔
90 منٹ کے مقابلے میں اسپین کے لیے نکو ولیمس (47ویں منٹ) اور متبادل کھلاڑی مکیل اویارجابل نے (86ویں منٹ) گول کئے۔ وہیں، انگلینڈ کے لیے اکلوتا گول کول پامر (73ویں منٹ) نے کیا۔
انگلینڈ کی یورو کپ میں فائنل میں یہ لگاتار دوسری شکست ہے۔ اس سے پہلے 2020 میں اپنی میزبانی میں کھیلے گئے یورو کپ کے فائنل میں اسے اٹلی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اسپین نے سیمی فائنل میں فرانس کو ہرایا:
اسپین 12 سال بعد یورو کپ کے فائنل میں پہنچا تھا۔ یورو کپ 2024 کے کھیلے پہلے سیمی فائنل میں فرانس کو 2-1 سے ہراکر خطابی مقابلے میں پہنچا تھا۔
انگلینڈ نے سیمی فائنل میں نیدرلینڈ کو ہرایا:
انگلینڈ نے جرمنی کے ڈارٹمنڈ کے بی وی بی ا سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں نیدرلینڈ کو 2-1 سے ہرایا اور لگاتار دوسری بار ٹورنامینٹ کے فائنل میں پہنچا تھا۔
اس ٹورنمنٹ میں کل 24 ٹیموں نے حصہ لیا:
یورو کپ 2024 میں کل 24 ٹیموں نے حصہ لیا، جن کو 4-4 کے چھہ الگ الگ گروپ میں بانٹا گیا۔ ان میں سے گروپ اسٹیج کے مقابلے ختم ہونے کے بعد سبھی گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں راؤنڈ 16 کے لیے کوالیفائی کر گئیں تھیں۔ راؤنڈ آف 16 ختم ہونے کے بعد پری کوارٹر فائنل، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل مقابلہ کھیلا گیا۔



