
غزہ ۔ 31؍ جولائی ۔ (پی آئی سی) – حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی نماز جنازہ کل صبح 8 بجے ایرانی دارالحکومت تہران میں سرکاری اور عوامی طور پر ادا کی جائیگی۔ بعد ازاں اسی دن میت قطر کے دارالحکومت دوحہ لائی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پھر ایک مرتبہ جمعہ کے دن نماز جنازہ دوحہ کی سب سے بڑی مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں بعد نمازِ جمعہ ادا کی جائے گی اور تدفین قطری دارالحکومت کے شمال میں واقع لوسیل کے ایک قبرستان میں کی جائے گی۔
عالم اسلام کے رہنماؤں کے علاوہ فلسطین کے مزاحمتی گروپس کے قائدین دوحہ میں نمازِ جنازہ میں شریک رہیں گے۔
آج پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک میں شہید اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس کے علاوہ کئی مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے کل بھی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔



