اسرائیل کے ڈرون حملے میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمود جبارا شہید

بیروت ۔ 18؍ جولائی: (پی آئی سی): جمعرات کے روز اسرائیلی قابض فوج نے لبنان میں اسلامی مزاحمتی تحریک ‘‘حماس’’ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر کو ایک گاڑی پر حملے کرکے شہید کردیا۔ انہیں لبنان کی وادی بقاع میں ایک بزدلانہ حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ مجاہد اور القسام کے کمانڈر محمد احمد جبارا ‘‘ابو محمود’’ کی شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی شہادت کی قبولیت کیلئے دعاء گو ہیں۔ جبارا کی شہادت فلسطینی عوام کی طرف سے مسجد اقصیٰ ’ القدس اور پورے فلسطین کی آزادی کیلئے دی گئی قابل فخر قربانیوں اور اسرائیلی مجرم ریاست کے جنگی جرائم کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وہ جمعرات کی صبح طوفان الاقصیٰ کی جنگ میں شہید ہونے والوں میں شامل تھے۔ انہیں غدار صہیونی طیاروں نے لبنان کے مغربی علاقے بقاع میں ایک بزدلانہ حملے میں شہید کردیا۔
بیان میں کہاگیا کہ ہمارے بہادر شہید کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ ہم اللہ سے عہد کرتے ہیں’ ہم اپنے لوگوں اور اپنی قوم سے عہد کرتے ہیں کہ وہ مزاحمت کا راستہ جاری رکھیں گے۔
شہداء کا خون ہمارے لئے آزادی کی شمع اور ظالم دشمن کیلئے لعنت ہے۔
دوسری جانب لبنانی میڈیا نے کہا ہے کہ آج صبح مشرقی لبنان کے علاقے بقاع میں اسرائیلی ڈرون نے ایک کار پر بمباری کی جس کے نتیجہ میں القسام کمانڈر احمد محمود جبارا شہید ہوگئے۔ قبل ازیں لبنانی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی تھی کہ جماعت اسلامی کے رہنماء ابو محمود جبارا’ اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے ہیں۔



